مقبوضہ فلسطین

اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوان فلسطینی لڑکی کی شہادت

اسرائیلی فوجیوں نے شمالی بیت المقدس میں ایک نوجوان فلسطینی لڑکی کو گولیاں مار کر شہید کر دیا ہے۔

فلسطین ٹوڈے کے مطابق ، اسرائیلی فوجیوں نے مذکورہ لڑکی کو محض اس شک کی بنا پر گولیاں مارد یں کہ وہ ان کے خلاف شہادت پسندانہ کارروائی انجام دینا چاہتی ہے۔

صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان فلسطین لڑکی شدید زخمی ہوگئی اور بعدازاں اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے طبی امداد کی فراہمی میں کھڑی کی جانے والے رکاوٹوں کے باعث شہید ہوگئی ۔

اس سے پہلے اسرائیلی فوجیوں نے شمالی بیت المقدس سے دو فلسطینی بچوں کو گرفتار کیا تھا۔ صیہونی حکام نے دعوی کیا ہے کہ یہ دونوں فلسطینی بچے شہادت پسندانہ کارروائی کا ارادہ رکھتے تھے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صیہونی فوجیوں نے مشرقی بیت لحم میں ایک تجارتی مرکز اور گھروں پر حملے کرکے متعدد فلسطینیوں کو تشدد کانشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے بیت لحم کی صیہونی بستیوں پر حملے کے الزام میں متعدد فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا ہے ۔

مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یکم اکتوبر دوہزار پندرہ سے صیہونی حکومت کے خلاف مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جسے تحریک انتفاضہ قدس کا نام دیا گیا ہے۔ چھے ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری اس تحریک کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے تشدد اور فائرنگ میں دوسو سے زائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button