پاکستان

لاہور: شب ولادت باسعادت امیرالمومینن کے موقع پر ۱۱۰ پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا

شیعیت نیوز: مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے سلسلے میں لاہور بھر میں جشن مولود کعبہ کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر کئی سو پونڈ وزنی کیک کاٹے گئے اور منقبتیں پڑھی گئیں جبکہ موالیان حیدر کرار نے جذب و سرمستی میں دھمالیں بھی ڈالیں۔ مولائے کائنات حضرت امام علی علیہ السلام کے ظہور پرنور کے سلسلے میں گلشن راوی میں جشن کا اہتمام کیا گیا جس میں حافظ تصدق حسین، نوید بختیاری ایڈووکیٹ، پروفیسر شکیل زیدی، محمد اکبر، حیدر بھائی، مبین عباس، علی اکبر زیدی، علی عباس زیدی، احسان زیدی، چیئرمین یونین کونسل میاں صہیب غنی سمیت موالیان حیدر کرار کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر منقبتیں پڑھی گئیں۔ جشن مولود کعبہ کے سلسلے میں 110 پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا جس پر عقیدت مندوں نے جذب و سرمستی میں ڈوب کر دھمال ڈالی۔ دوسری جانب امام بارگاہ گلستان زہرا ایبٹ روڈ پر جشن ظہور فاتح خیبر کا انعقاد کیا گیا۔ جشن میں پاکستان بھر سے آئے معروف منقبت گزاروں نے مولا علی علیہ السلام کی شان میں قصیدے پیش کئے۔ ادھر چاہ پچھواڑہ مزنگ میں جشن ظہور پر نور مولا علی علیہ السلام کے سلسلے میں منعقد ہونیوالی تقریب کے دوران مذہبی رہنما پیر سید ناظم حسین شاہ نے 110 پونڈ وزنی کیک کاٹا۔ اس موقع پر جشن کے بانی شانی شاہ، مظہر علی، انور میر اور صفدر شاہ سمیت عقیدت مندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شیر خدا حضرت امام علی علیہ السلام کے ظہور کے سلسلے میں گڑھی شاہو میں بھی جشن منایا گیا۔ سید علی رضا بادشاہ جلالی نے مولود کعبہ کی ولادت کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر موالیان حیدر کرار کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جشن مولود کعبہؑ کے سلسلہ میں شہر بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی شہر بھر کی امام بارگاہوں، مساجد اور دیگر مقامات پر جشن کی تقریبات ہوں گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button