شام کے پارلیمانی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر، لاریجانی کا پیغام مبارکباد
ایران کی پارلمینٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پیر کے دن ایک پیغام ارسال کرکے، شام میں پارلیمانی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر اس ملک کے صدر اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے-
اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ شام کے عوام پر اگرچہ بہت زیادہ سیاسی، نفسیاتی اور سیکورٹی دباؤ تھا اور لوگوں کو بیلٹ بکسوں تک جانے سے روکنے کی دہشت گردوں کی جارحانہ کوششیں بھی جاری تھیں، اس کے باوجود شام کے حالیہ انتخابات میں عوام نے وسیع پیمانے پر شرکت کی – اور یہ اس بات کی علامت ہے کہ شام کے عوام حکومت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے عالمی و علاقائی ملکوں کی یلغار کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنی سرزمین کی خودمختاری کا دفاع کر رہے ہیں- ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹیجی، علاقے میں امن و استحکام کے قیام کے لئے، شام کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہمہ جانبہ اور قریبی تعاون کرنا ہے- مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا کہ شام کی حکومت اور قوم کی پائیداری و استقامت کے نتیجے میں ہم عنقریب ہی شام میں انتہاپسند اور دہشت گرد گروہوں کی شکست کا مشاہدہ کریں گے