پاکستان

پاک ایران برادرانہ تعلقات کی راہ میں کوئی چیز حائل نہیں ہوسکتی،وزیر داخلہ

شیعیت نیوز: ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا ہے کہ ایران کی حکومت ان تمام امور پر مکمل تعاون فراہم کرے گی جو پاکستان اور ایران کی سلامتی اور ترقی کو یقینی بناتے ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعہ کے روز پنجاب ہاؤس میں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان اور بلوچستان سے ”را“ کے ایجنٹ کی گرفتاری کے حوالے سے ایرانی حکومت سے طلب کی جانے والی معاونت کے بارے میں امور پر تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران کی حکومت ان تمام امور پر مکمل تعاون فراہم کرے گی جو پاکستان اور ایران کی سلامتی اور ترقی کو یقینی بناتے ہیں۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران عشروں پرانے مذہبی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور پاک ایران برادرانہ تعلقات کی راہ میں کوئی چیز حائل نہیں ہوسکتی۔ وزیر داخلہ اور ایرانی سفیر نے ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ حالیہ اعلیٰ سطح کے دورے کو تمام ممکنہ شعبوں میں پاک ایران تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور مضبوط بنانے کے لئے بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جانا چاہئے۔ ہمیں ماضی کے ثمرات کو تقویت دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں یکساں چیلنجوں پر قابو پانے اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر خطے میں مختلف ایشوز پر ہمارا مشترکہ مؤقف ہمارے حریفوں کو دونوں ممالک کے خلاف کسی بھی طور پر منفی انداز میں اثرانداز ہونے سے روکے گا۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات دوطرفہ تجارت اور ترقیاتی منصوبوں میں نمایاں طور پر بہتری کے حامل نتائج کی صورت میں سامنے آنے چاہئیں، ہمیں دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔

ایرانی سفیر نے ایران کے صدر کے نہایت کامیاب دورہ کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر منفی اثر ڈالنے کے لئے بعض ذرائع ابلاغ کی کوششوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا آزاد ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم کسی کو اپنے تعلقات پر اثر انداز ہونے کی اجازت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرہ کے تمام طبقات پاک ایران تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی حمایت میں متفق ہیں

متعلقہ مضامین

Back to top button