ایران

اتتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت ، اسلامی جمہوری نظام اور عوام کی کامیابی ہے: آیۃ اللہ خاتمی

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے نمازجمعہ کے خطبوں میں پارلیمانی اور مجلس خبرگان کے انتخابات میں عوام کی شاندار شرکت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ گذشتہ چھتیس برسوں کے انتخابات میں حقیقی فتح اسلامی جمہوری نظام اور عوام کی ہی ہوئی ہے – انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئےکہ اسلامی جمہوری نظام ہمیشہ مغربی ملکوں کے ذرائع ابلاغ کے تشہیراتی حملوں کاسامنا کرتارہا ہے کہاکہ پچھلے ہفتے کے انتخابات میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت، اغیار کی مداخلت کے مقابلے میں ایرانی عوام کی دلیرانہ استقامت و ثابت قدمی تھی – انہوں نے دیگرملکوں کے پارلیمانی انتخابات اورایران کے پارلیمانی انتخابات کا موازنہ کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ انتخابات میں ایرانی رائے دہندگان کی باسٹھ فیصد شرکت نے دنیا والوں کو حیرت میں ڈال دیا جبکہ یورپی ملکوں میں پارلیمانی انتخابات میں تیس سے پچاس فیصد ہی ووٹنگ ہوتی ہے – تہران کے خطیب جمعہ نے اسلامی انقلاب کو نقصان پہنچانے کی عالمی طاقتوں کی کوششوں کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ ان طاقتوں اور ان کے آلہ کاروں کو یہ جان لینا چاہئے کہ ایران کا اسلامی جمہوری نظام بنیادی آئین کے تحت ہی چلایا جاتاہے اور اس کی بنیادی اسٹریٹیجی اور اصولوں میں کبھی بھی تبدیلی نہیں آئے گی – انہوں نے حزب اللہ کو دہشت گرد قراردینے کے تعلق سے خلیج فارس تعاون کونسل کے تازہ بیان کے ردعمل میں کہا کہ خلیج فارس تعاون کونسل کی حکومتیں، صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرارکرنے کی کوشش کررہی ہیں اور وہ غاصب صیہونی حکومت کی پالیسیوں کے تحت ہی کام کرتی ہیں – انہوں نے کہا کہ خلیج فارس تعاون کونسل کی حکومتیں امریکا اور صیہونی حکومت کے مفادات کے لئے کام کرتی ہیں جو خود ان عرب ملکوں کے لئے نقصان دہ ہے – انہوں نے کہا کہ ان حکومتوں کے اس قسم کے اقدامات سے خود ان کے ہی ملکوں کے لئے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے اور علاقے کے عوام ان حکومتوں کے سربراہوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے – آیت للہ سید احمدخاتمی نے لبنان کی سیکورٹی اور سلامتی کو حزب اللہ کی مرہون منت قراردیا اور کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا –

متعلقہ مضامین

Back to top button