پاکستان

وطن عزیز کے داخلی معاملات میں امریکہ کی بے جامداخلت نے پاکستان کو عدم استحکام کا شکاربنا رکھا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امریکہ کی طرف سے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کو محدود اور ذخائر کو کم کرنے کے مطالبے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کے داخلی معاملات میں امریکہ کی بے جامداخلت نے پاکستان کو عدم استحکام کا شکاربنا رکھا ہے۔ ایک آزاد اور خود مختار ریاست کو اس کے سلامتی کے امور میں ذاتی ڈکٹیشن کا پابند کرنااخلاقی گراوٹ اور بدمعاشی ہے۔خطے میں طاقت کے توازن کو قائم رکھنے کے لیے ہمارا اسٹریٹجک استحکام انتہائی ضروری ہے۔ ایٹمی طاقت پر کسی قسم کی سودے بازی ناقابل قبول ہو گی۔امریکہ ہمارے داخلی معاملات میں دخل اندازی سے باز رہے۔امریکہ اور اسرائیل عالم اسلام کے کُھلے دشمن ہیں۔پاکستان میں دہشت گردی کی آگ انہی کی لگائی ہوئی ہے۔امریکہ ایک طرف بھارت کو جدید ہتھیاروں کی فراہمی کی منظوری دے رہا ہے اور دوسری جانب ہمیں کمزور کرنے کے لیے ایڑھی چوٹی کا زور لگانے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ امریکہ سوائے اپنے مفادات کے کسی کا یار نہیں۔ اگر ہمیں اپنی سلامتی عزیز ہے تو اس سے پیچھا چھڑانا ہو گا۔ ہم امریکی احکامات کی اطاعت کے مزید متحمل نہیں ہیں۔چین اور روس کی پائیدار دوستی ہمارے لیے نفع بخش ثابت ہو گی۔جغرافیائی تناطر میں بھی ہمارے لیے یہ دونوں ممالک انتہائی اہم ہے۔ ہمیں امریکہ کے ڈو مور کے بار بار مطالبات اور قومی سلامتی کے امور میں ڈکٹیشن پر اصولی اور جرات مندانہ موقف اختیار کرتے ہوئے دوٹوک جواب دینا ہو گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button