پاکستان

دارلخلافہ سے کالعدم تنظیم کا دہشتگرد گرفتار

شیعیت نیوز: کالعدم تنظیم کے ایک کارکن کو حکومت کے خلاف اور ملک میں شریعت کے نفاذ کے حق میں لٹریچر تقسیم کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔

بارہ کہو پولیس کے مطابق ملزم یونیورسٹی کا طالب علم اور ایک کالعدم تنظیم کا کارکن ہے، جس پر پہلے ہی سبزی منڈی اور انڈسٹریل ایریا پولیس اسٹیشن میں ان ہی الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

بارہ کہو پولیس اسٹیشن کے ایک افسر شوکت علی نے میڈیاکو بتایا کہ جس وقت ملزم کو گرفتار کیا گیا وہ مری روڈ پر فاروقیہ مسجد کے سامنے لٹریچر تقسیم کر رہا تھا۔

مذکورہ افسر کے مطابق لٹریچر حکومت کے خلاف تھا اور اس میں ملک میں شریعت کے نفاذ پر زور دیا گیا تھا اور چونکہ ملزم کالعدم تنظیم سے تعلق رکھا تھا، لہذا اسے گرفتار کرلیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں شوکت علی نے بتایا کہ ملزم یونیورسٹی کا طالب علم ہے، جس کا تعلق ایک تعلیم یافتہ خاندان سے ہے اور اس کے والد ایک ریٹائرڈ گورنمنٹ ملازم ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم کافی عرصے سے کالعدم مواد کی تقسیم میں ملوث رہا ہے، ماضی میں بھی اس کے خلاف سبزی منڈی اور انڈسٹریل ایریا پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔

شوکت علی نے بتایا کہ ملزم کا 2 روزہ ریمانڈ حاصل کیا جاچکا ہے اور اُس سے اس حوالے سے تفتیش کی جائے گی کہ اسے یہ مواد کون فراہم کر رہا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button