یمن کے خلاف سعودی عرب کی جارحیت کا سلسلہ جاری
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جمعرات کے دن صنعا سمیت یمن کے مختلف صوبوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں آٹھ یمنی شہری شہید ہوگئے ۔
آل سعود کے لڑاکا طیاروں کے حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے یمن کی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے سرحدی علاقوں پر حملہ کر کے آل سعود کے متعدد پٹھوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔
الیوم السابع ویب سائٹ نے سعودی عرب کی نیشنل گارڈ کی وزارت کے ترجمان محمد العمری کے حوالے سے کہا ہے کہ نیشنل گارڈ کے تین افسر الربوعہ علاقے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
یمن سے ملنے والی ایک اور رپورٹ کے مطابق اس ملک کے مفرور سابق صدر عبد ربہ منصور ہادی نے متحدہ عرب امارات کو خوش کرنے کے لئے یمن کا جزیرۂ سقطری متحدہ عرب امارات کو دے دیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ عبدربہ منصور ہادی نے جزیرہ سقطری ننانوے سال کے لئے متحدہ عرب امارات کو کرائے پر دیا ہے۔
سعودی عرب نے مارچ سنہ دو ہزار پندرہ سے بعض عرب ملکوں اور امریکہ کی حمایت کے ساتھ یمن کے عوام پر وسیع حملے شروع کر رکھے ہیں۔ ان حملوں میں اب تک آٹھ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور ہزاروں زخمی جبکہ کئی ملین بے گھر ہو چکے ہیں۔