پاکستان

دنیا بھر میں جعلی جہادیوں کا سہولت کار امریکہ ہے، صاحبزادہ حامد رضا

لاہور میں کونسل کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جعلی جہادیوں کا سہولت کار امریکہ ہے، نواز شریف اور زرداری کیلئے سیاست بزنس ہے، قوم دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج کیساتھ ہے، عزیر بلوچ کو استعمال کرنیوالوں کو پکڑا جائے، پی آئی اے کے بحران پر وزیراعظم کا دھمکی آمیز لہجہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گونگی اور اندھی ہو چکی ہے، عمران خان کے مطالبات جائز ہیں، اورنج ٹرین منصوبہ اب تک 11 مزدورں کی جانیں لے چکا ہے، ملک کی معاشی تباہی کا اصل سبب آئی ایم ایف کی غلامی ہے، قومی اداروں کی لوٹ سیل لگانا ملک دشمنی ہے، پاک فوج کی بے مثال قربانیوں پر قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلح افواج کے جوان اور افسر جانیں قربان کرکے ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنا رہے ہیں، فوج نے ماضی کی غلطیوں کی اصلاح کی ہے لیکن سیاست دان ماضی کی غلطیاں پھر دہرا رہے ہیں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے قوم ذلت اور اذیت سے دوچار ہے، حکومت دہشتگردوں کی بیرونی فنڈنگ روکنے میں ناکام ہو چکی ہے، پنجاب میں دہشتگردی اور کرپشن کیخلاف آپریشن نہ ہونا المیہ ہے، دہشتگردی اور کرپشن کے مکمل خاتمے کیلئے جنرل راحیل شریف کا آرمی چیف رہنا پوری قوم کے دل کی آواز ہے، حکمران جنرل راحیل شریف کی بے پناہ عوامی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کا سارا کریڈٹ پاک فوج کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خادم اعلی پنجاب دہشگردوں کے ہمدردوں کو پنجاب کابینہ سے نکالیں۔ اجلاس میں سید جواد الحسن کاظمی، صاحبزادہ پیر عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ حسن رضا، صاحبزادہ حسین رضا ایڈووکیٹ، مولانا محمد اکبر نقشبندی، ارشد مصطفائی، صاحبزادہ مطلوب رضا، ملک بخش الٰہی، میاں فہیم اختر اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button