ایران

ایٹمی معاہدہ ایرانی عوام کی استقامت، صبر اور پامردی کا نتیجہ ہے: کاظم صدیقی

تہران کے خطیب جمعہ حجت الاسلام کا ظم صدیقی نے کہا کہ دشمنان اسلام نے ایران کے ایٹمی پروگرام کو بہانہ بناکر اسلامی انقلاب کو ناکام بنانے کے لئے ایران پر دباؤ ڈالا اور پابندیاں عائد کیں لیکن ایرانی عوام نے بھرپور استقامت و ثابت قدمی کا مظاہرہ کرکے ان کی سازشوں کو ناکام بنادیا – تہران کے حطیب جمعہ نے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے جب یہ دیکھ لیا کہ دباؤ اور پابندیوں کے ذریعے اسلامی جمہوری نظام کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا تو انہوں نے مجبور ہو کر ایران کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کیا – انہوں نے کہا کہ سامراجی طاقتوں کی کوشش تھی کہ وہ پابندیاں عائد کرکے ایران کو مفلوج کر دیں اور ایران کے عوام کو اسلامی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے پر مجبور کر دیں اور یوں اپنے زعم باطل میں وہ ایران کے اسلامی نظام کو گرا دیں لیکن انہیں اپنے اس منصوبے میں منہ کی کھانی پڑی –

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ ظالمانہ پابندیاں نہ صرف یہ کہ ایران کے عوام کو اسلامی جمہوری نظام سے مایوس نہیں کرسکیں بلکہ بڑی طاقتوں کے تئیں ایران کے عوام کی نفرتوں میں اور زیادہ اضافہ ہوگیا اور یہ ثابت ہوگیا کہ ایرانی قوم اسلامی انقلاب کی امنگوں اور ثمرات کے دفاع میں بدستور ثابت قدم ہے – حجت الاسلام کاظم صدیقی نے کہا کہ بڑی طاقتیں یہ سوچ بھی نہیں سکتی تھیں کہ ایرانی سائنسداں یورینیم بیس فیصد تک افزودہ کر لیں گے، نیوکلیئر میڈیسن تیار کرلیں گے اور مختلف میدانوں میں پرامن مقاصد کے تحت ایٹمی صنعت سے استفادہ کرنےکی توانائی حاصل کرلیں گے – انہوں نے کہا کہ ایرانی جوانوں کی ان توانائیوں کے سامنے آنے سے بڑی طاقتوں پر وحشت طاری ہوگئی تھی – انہوں نے کہا کہ ایٹمی مذاکرات کے لئے ایران کو مجبور نہیں کیا گیا بلکہ بڑی طاقتیں خود مذاکرات کے لئے مجبور ہوئیں کیونکہ ان پر وحشت طاری ہو چکی تھی –

تہران کے خطیب جمعہ نے آئندہ چھبیس فروری کو ایران کے پارلیمانی انتخابات اور مجلس خبرگان کے انتخابات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ انتخابات ایران میں جمہوریت کی ضمانت ہیں – ان کا کہنا تھا کہ اس بار کے بھی انتخابات میں ایران کے عوام ہر بار سے زیادہ پرجوش انداز میں اور بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شرکت ، سب کا قومی اور اخلاقی فریضہ ہے –

متعلقہ مضامین

Back to top button