اسکردو، آل پارٹیز پریس کانفرنس میں نون لیگ کی غیرحاضری کی وجہ انتہائی مضحکہ خیز
انجمن امامیہ بلتستان کے زیراہتمام پریس کلب اسکردو میں ہونے والی آل پارٹیز پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن)شریک نہیں ہوئی، جبکہ باقی تمام سیاسی، مذہبی جماعتیں پریس کانفرنس میں موجود تھیں۔ جب پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی عدم شرکت اور شمولیت سے متعلق سوال اٹھائے گئے تو اسلامی تحریک کے رہنماء آغا سید محمد عباس رضوی جو آل پارٹیز کانفرنس کے سربراہ تھے نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو پریس کانفرنس میں باقاعدہ دعوت دی گئی تھی، مگر عہدیدار بخار آنے کے باعث پریس کانفرنس میں شریک نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین کرلینا چاہئے کہ مسلم لیگ (ن) کے عہدیدار بیمار ہونے کی وجہ سے پریس کانفرنس میں شریک نہیں ہوئے، اگر عہدیدار خیروعافیت سے ہوتے تو وہ ضرور شرکت کرتے۔ واضح رہے کہ یہ پریس کانفرنس صوبائی حکومت کے سربراہ کی جانب سے میڈیا میں آنے والی خبر کی مذمت میں منعقد کی تھی، جس میں انہوں نے استور اور بلتستان کو گلگت سے الگ کرنے کی تجویز دی تھی۔