لشکر جھنگوی کے بعد جماعت الدعوۃ کے کارکنان بھی داعش میں شامل ہورہے ہیں، خانزادہ
شیعیت نیوز: جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں داعش کا اثر بڑھ رہا ہے، لشکر جھنگوی کے بعد جماعت الدعوۃ کے کارکنان بھی داعش سے متاثر ہو کر اس میں شامل ہورہے ہیں،پاکستان میں سویلین و عسکری قیادت داعش کے وجود سے انکار کرتی رہی ہے لیکن سیالکوٹ میں ایک بڑے آپریشن کے دوران جماعت الدعوۃ سے داعش میں جانے والے 9 کارکنوں کی گرفتاری کے بعد حکومت کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار بار بار پاکستان میں داعش کی موجودگی کی تردید کرتے رہے ہیں، حکومت نے جب کالعدم تنظیموں کی فہرست میں داعش کو شامل کیا تو اس وقت بھی یہ سوال اٹھا تھا کہ اگر داعش کا پاکستان میں وجود ہی نہیں ہے تو اسے اس فہرست میں کیوں شامل کیا گیا۔
شاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ ایک طرف سیالکوٹ میں داعش کا وجود سامنے آیا ہے تو دوسری طرف ترکی میں بھی داعش سے تعلق کے الزام میں دو پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، پنجاب پولیس ذرائع کے مطابق لاہورکی کچھ فیملیاں بھی داعش کے لٹریچر سے متاثر ہو کر پاکستان چھوڑ گئیں، پاکستان میں صرف داعش کے ہمدرد ہی نہیں کارکنان بھی موجود ہیں جنہوں نے ابوبکرالبغدادی کی بیعت کی ہے۔