پاکستان

مردان، نادرا آفس کے قریب خودکش دھماکہ، 22 افراد جاں بحق 42 سے زائد زخمی، طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی

مردان شہر کے گنجان آباد علاقے میں نادرا آفس کے گیٹ پر خودکش دھماکے میں 22 افراد جاں بحق اور 42 سے زائد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ ڈی پی او مردان فیصل شہزاد نے دھماکے کو خودکش قرار دیتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا، جس نے اپنی موٹر سائیکل مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی۔ نادرا آفس مردان کے مصروف ترین علاقے میں واقع ہے، جہاں شہریوں کا رش رہتا ہے اور دھماکے کے وقت بڑی تعداد میں لوگ وہاں موجود تھے۔ لاشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ مردان کا نادرا آفس شہر کے گنجان آباد علاقے میں واقع ہے، جہاں صبح سے ہی شہریوں کی بڑی تعداد شناختی کارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے پہنچ جاتی ہے، گنجان آباد علاقہ ہونے کی وجہ سے جانی نقصان میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شدید زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حارث کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی 10 افراد کی حالت نازک ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے مردان دھماکے کی مذمت کی ہے جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد فوری بعد علاقے کا محاصرا کر لیا اور مشتبہ افراد اور مشکوک گاڑیوں کی تلاشی شروع کر دی گئی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفتر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 77 زخمی ہوگئے۔ ڈی آئی جی مردان سعید وزیر کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق مردان میں نادرا دفتر کے قریب ہونے والا دھماکہ خودکش تھا اور موٹر سائیکل سوار حملہ آور نے خود کو دفتر کے گیٹ کے قریب دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی جبکہ مردان کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت دفتر کے باہر شناختی کارڈ بنوانے کے لئے آنے والے افراد کی اچھی خاصی تعداد موجود تھی۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے گئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے نادرا کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ارد گرد کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 8 سے 10 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ مردان میں نادرا دفتر کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے گروپ جماعت الحرار نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔ وزیراعظم نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین نے مردان دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدری کا اظہار کیا۔ دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button