کراچی: شیعہ مسلمانوں کے قتل میں ملوث لشکر جھنگوی اور طالبان کے 24دہشتگرد گرفتار
شیعیت نیوز: پولیس اور رینجرز نے اتوار کے روز 24 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن میں سے متعدد کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق پولیس کے انسداد دہشت گردی کے محکمے نے چمڑہ چورنگی اور کورنگی انڈسٹریل ایریا سے چار مبینہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا۔
ملزمان مبینہ طور پر 2011 میں گھاس منڈی میں جوے کے اڈے پر ہونے والے بم حملے میں ملوث تھے جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ سی ٹی ڈی کے ایس ایس پی عثمان باجوہ کے مطابق ملزمان سینما میں بم حملوں اور اہل تشیع افراد کے قتل میں بھی ملوث رہے ہیں۔
ملزمان محمد شاہد عرف زبیر، محمد علی، منظور احمد اور عثمان غنی عرف بابا عرف حمزہ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی سے ہے۔
دوسری جانب رینجرز ترجمان کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا تعلق کالعدم تنظیموں سے بتایا جاتا ہے۔