پاکستان

کراچی: سانحہ پارچنار اور نائیجریا کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کا شہر بھر میں احتجاج

شیعیت نیوز :ملک بھر سے دہشت گردی اور تکفیری کالعدم دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا۔ افواج پاکستان تکفیری دہشت گردوں کا خاتمہ یقینی بنا کر پاکستان کے عوام کا تحفظ یقینی بنائے۔ نائیجیریا میں اسرائیل نواز افواج کے ہاتھوں معصوم مسلمانوں کا قتل عام نا قابل برداشت ہے، اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی کو فی الفور رہا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنمائوں علامہ اعجاز بہشتی اور مولانا احمد اقبال نے خوجہ مسجد کھارادر کے باہر جمعہ نماز کے بعد کراچی کے مرکزی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر سانحہ پاراچنار اور نائیجیریا میں مسلمانوں کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم سیاہ منایا گیا اور بعد نماز جمعہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ شہر کراچی میں بھی علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر متعدد مقامات پر نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے گئے تاہم اس سلسلہ میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ خوجہ مسجد کھارادر کے باہر کیا گیا جس کا اہتمام مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کیا گیا تھا۔

کراچی میں خوجہ مسجد کھارادر کے باہر سانحہ پاراچنار اور نائیجیریا میں اسرائیل نواز نائیجیرین افواج کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عالم کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں سیکڑوں افراد شریک ہوئے اور انہوںنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سانحہ پاراچنار میں ملوث کالعدم تکفیری دہشت گردوں کے خاتمہ کے مطالبہ سمیت دہشت گردی نا منظور اور نائیجیریا کے مسلمانوں سے باہمی یکجہتی اور اسلامی تحریک نائیجیریا کے سربراہ شیخ زکزکی اور ان کے اہل خانہ کی رہائی کے مطالبے درج تھے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنمائوں کاکہنا تھا کہ دہشت گردی مملکت پاکستان کے لئے ایک ناسور کی شکل اختیار کر چکی ہے تاہم اس کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے انہوںنے کہا کہ سانحہ اے پی ایس ہو یا پھر ماضی میں سانحہ جیکب آباد، سانحہ بولان، سانحہ عاشورا، سانحہ اربعین، سانحہ شکار پوراور اس طرح متعدد سانحات میں ہزاروں قیمتی جانوں کا زیاں ہو چکا ہے تاہم اب ضرورت اس امر کی ہے کہ افواج پاکستان مملکت خداداد پاکستان کے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقنی بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ملک سے کالعدم دہشت گرد گروہوں اور خاص طور سے تکفیری سوچ رکھنے والے خطر ناک ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کا قلع قمع کریں۔انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سانحہ پاراچنار میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے ۔

شرکائے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے نائیجیریا میں اسرائیل نواز نائیجیرین افواج کے ہاتھوں ایک ہزار سے زائد مسلمانوں کے بہیمانہ قتل عام کی شدید مذمت کی اور اسلامی تحریک نائیجیریا کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی اور ان کے اہل خانہ کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آج نائیجیریا کے مسلمانوں کو صرف اس لئے ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہاہے کیونکہ انہوںنے افریقا میں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل اور شیطان بزرگ امریکہ کی غلامی کرنے سے انکار کر دیا ہے اور مظلوم فلسطینیوں کی عملی طور پر حمایت کی ہے ، انہوںنے کہا کہ نائیجیریا میں ایک ہزار افراد کی ریاستی دہشت گردی میں قتل عام کے باوجود عالمی برادری اور ذرائع ابلاغ کیجانب سے مجرمانہ بے حسی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی برادری اور ذرائع ابلاغ دہرا معیار رکھتے ہیں اور امریکی کاسہ لیسی میں مصروف عمل ہیں۔

مقررین نے حالیہ دنوں سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں کی جانب ست داعش نامی دہشت گرد گروہ کے خلاف بنائے گئے ایک اتحاد کو تکفیری دہشت گردگروہوں کو تحفظ فراہم کرنے کا حیلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا پر یہ بات عیاں ہو چکی ہے کہ القاعدہ ہو یا طالبان دہشت گرد یا پھر داعش اور جبۃ النصرہ نامی تکفیری دہشت گرد گروہ ہوں ان سب کو وجود بخشنے والے امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب ہیں، ان کاکہنا تھا کہ پوری دنیاجاتی ہے سعودی عرب امریکی ایماء پر یمن کے نہتے دس ہزار سے زائد افراد کو قتل کر چکا ہے اور اب اچانک سعودی عرب اور خلیجی ممالک نے ان دہشت گردگروہوں کے خلاف اتحاد بنا کر پاکستان کو بھی اس میں شامل کر لیا ہے جو کہ انتہائی مشکوک ترین عمل ہے، انہوںنے کہاکہ در اصل سعودی قیادت میں بنایا جانے والے یہ اتحاد دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے نہیں بلکہ تکفیری دہشت گرد گروہوں کو مزید تحفظ فراہم کرنا ہے کیونکہ امریکہ اور اسرائیل سمیت یہ سعودی عرب ہی ہے کہ جس نے ان تمام تکفیری دہشت گردوں کو مالی اور مسلح معاونت کے ساتھ ساتھ افرادی قوت بھی فراہم کی تا کہ مسلم دنیا کو امریکی اور اسرائیلی غلامی میں لایا جائے، انکاکہنا تھا کہ ایک طرف روس ، چین، عراق، ایران اور حزب اللہ نے ان دہشت گردوں کی شام اور عراق میں کمر توڑ دی ہے تاہم امریکی اور اسرائیلی ایماء پر سعودی عرب ایک مرتبہ پھر تکفیری دہشت گرد گروہوں کے تحفظ کے لئے میدان میں نکل آیا ہے اور پاکستان کو بھی اس چنگل میں جکڑ کر کمزور کرنا چاہتا ہے تاہم حکومت پاکستان فی الفور اپنے اس اتحاد سے دستبرداری کا اعلان کرے۔

اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور،دہشت گردی نا منظور، تکفیری دہشت گردوں کا خاتمہ کرو، تحفظ فراہم کرو کے نعرے بلند کئے جبکہ اس موقع پر شیطان بزرگ امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔
ا

متعلقہ مضامین

Back to top button