ایران

ایران اسلامی رسول اور نواسۂ رسول کے غم میں سوگوار

رپورٹ کے مطابق ایران اسلامی کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں رسول اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کا سلسلہ بدھ کی شام سے ہی شروع ہوگیا ۔اسی مناسبت سے عزاداری کا سب سے بڑا اجتماع مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس اور اس کے صحنوں میں منعقدہوا ۔ مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس میں رسول اور نواسہ رسول کی عزاداری میں بڑی تعداد میں غیر ملکی زائرین نے بھی شرکت کی ۔

اس رپورٹ کے مطابق ایران کے مختلف علاقوں اور دنیا کے مختلف ملکوں سے لاکھوں زائرین، رسول اور نواسہ رسول اور اسی طرح فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات والسلام کے ایام شہادت کی عزاداری میں شرکت کے لئے مشہد مقدس پہنچے ۔ مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات والسلام کے روضہ اقدس میں بدھ کی رات سے شروع ہونے والا عزاداری کا سلسلہ جمعرات کی صبح تک جاری رہا اور جمعرات کی صبح سے مشہد مقدس اور اس کے اطراف کے علاقوں سے ماتمی دستوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔

رسول اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ الصلوات والسلام کی عزاداری میں شرکت کے لئے ، صدر ڈاکٹر حسن روحانی بھی جمعرات کو مشہد مقدس پہنچے ہیں۔مشہد مقدس کے ساتھ ہی دینی تعلیم کے مرکزی شہر قم میں بھی بدھ کی رات سے ہی رسول اور نواسہ رسول کی عزاداری کا سلسلہ شروع ہوا ۔ قم میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ اقدس میں زائرین اور عزادار بدھ کی رات نماز صبح تک عزاداری اور دعا و مناجات میں مصروف رہے اور جمعرات کی صبح سے روضہ اقدس میں ماتمی انجمنوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا ۔

اسی کے ساتھ دارالحکومت تہران کے سبھی مذہبی مراکز ، مساجد اور امامبارگاہوں میں نواسہ رسول کی عزاداری کا سلسلہ بدھ کی رات سے ہی شروع ہوگیا۔اس کے علاوہ ایران کے دیگر شہروں اور قریوں میں بھی رسول اور نواسہ رسول کی عزاداری کا سلسلہ بدھ کی رات سے شروع ہوا اور جمعرات کی صبح سے ماتمی دستے برآمد ہونا شروع ہوگئے۔

ہندوستان، پاکستان اور عراق میں رحلت رسول اسلام صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ السلامی کی تاریخ شہادت اٹھائیس صفر جمعے کو ہے ۔ہمارے نمائندے کے مطابق نجف اشرف میں اٹھائیس صفر کی عزاداری میں شرکت کے لئے لاکھوں عراقی اور غیر ملکی عزادار اور زائرین پہنچ چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button