کراچی: اربعین کے مرکزی جلوس کی جانب عزاداروں نےپاپیادہ مارچ کیا
کراچی کے مختلف علاقوں سے مرکزی جلوس اربعین امام حسین علیہ سلام میں شرکت کے لئے ہزاروں عزاداروں نے اپنے علاقہ سے کئی کلو میٹر کا پیدل سفر کرکے مرکزی جلوس اربعین میں شرکت کی۔
شیعیت نیوز کے نمائندہ کے مطابق نشترپارک سے برآمد ہونے والے جلوس اربعین میں شرکت کے لئے پاپیادہ سفر کا اہتمام کراچی کے مختلف علاقوں سے کیا گیا ،خاص طور پر انچولی سوسائٹی اور شاہراہ فیصل سے متصل شیعہ آبادیوں سے عزاداروں نے پیدل سفر کرکے اربعین کے جلوس میں شرکت کی۔
ملیر جعفرطیار اور اسٹار گیٹ سے شروع ہونے والا پاپیادہ سفر شاہراہ فیصل سے ہوتا ہوا نشترپارک پہنچا جبکہ انچولی سے مارچ کرنے والا پاپیادہ قافلہ شاہراہ پاکستان سے ہوتا ہوا جلوس اربعین میں شامل ہوا، اس قافلوں میں ہزاروں مرد ،خواتین، جوان، اور بچے شامل تھے۔
واضح رہے کہ عزادار جو نجف سے کربلا پاپیادہ سفر کی سعادت سے محروم رہے گئے تھے انہوں نے عشق اما م حسین علیہ سلام کے ہاتھوں مجبور ہوکر اپنے علاقوں سے پیدل سفر کرکے مرکزی جلوس عز ا میں شرکت کا عہد کیا ہواتھا۔نجف سے کربلا پیدل سفراربعین کے موقع پر ۱13صفر سے شروع ہوتا ہے جس میں عراق سمیت دنیا بھر سے ہزاروں عزادار شرکت کرتے ہیں۔
شیعیت نیوز کے رپورٹر کے مطابق شاہراہ فیصل سے گذرنے والے قافلے نے نرسری پل پر یادگار شہداٗ اربعین کے مقام پر خصوصی شرکت اور فاتحہ خوانی کی۔
یاد رہے کہ سن دوہزار نو میں اربعین امام حسین علیہ سلام کے جلوس میں شرکت کی غرض سے شرکت کرنے والی بس کو نرسری کے مقام پر دہشتگردوں نے دھماکہ کرکے اُڑانے کی کوشیش کی تھی، اس سانحہ میں ۲۰ سے زائد عزادار شہید ہوئے تھے۔