پاکستان

ایران نے اپنی استقامت سے شیطان بزرگ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، علامہ حسن ظفر

ممتاز عالم دین اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے لاہور میں امام بارگاہ گلستان زہراؑ میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُمت مسلمہ میں دہشتگردی اور فرقہ واریت کو منظم سازش کے تحت پھیلایا جا رہا ہے، استعمار خوفزدہ ہے کہ اس کا عبرتناک انجام قریب ہے، اسی لئے وہ اُمت مسلمہ کو تقسیم در تقسیم کرتا جا رہا ہے، جبکہ منتظرین امام کو کسی قسم کی کوئی مایوسی نہیں، بلکہ وہ پُرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ میں مخصوص مُلا اور ذاکر بنا کر داخل کر دیئے گئے ہیں جو تشیع کے عقائد خراب کر رہے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ چونکہ "کن ورٹ” ہو کر آئے اور تحقیق کے بعد شیعہ ہوئے ہیں، اس لئے وہ زیادہ جانتے ہیں اور اِسی آڑ میں وہ ملت کے عقائد خراب کرنے کے "مشن” میں مصروف ہیں، قوم ایسے شعبدہ بازوں سے آگاہ رہے اور انہیں اپنے عقائد پر حملے کرنے کی اجازت نہ دے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ حجت القائم کا ظہور قریب ہے اور بہت سی علامات ظاہر ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شام میں استعمار اپنی عبرتناک شکست سے پریشانی کے سبب باؤلا ہو چکا ہے، استعمار کو مزید جوتے پڑیں گے اور اس کی ٹیکنالوجی ولایت علیؑ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنی استقامت سے شیطان بزرگ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے اور اس صورتحال کے بعد امریکہ کے حواریوں کو اپنا اقتدار خطرے میں دکھائی دے رہا ہے، آل سعود جانتے ہیں کہ امریکہ نے کبھی کسی سے وفا نہیں کی یہی وجہ ہے کہ اب ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہودی میڈیا کا ہتھیار استعمال کر کے اُمت مسلمہ کو گمراہ کر رہے ہیں اور نام نہاد جہادی گروہ جن میں داعش، القاعدہ، طالبان، بوکو حرام اور ان جیسی دوسری تنظیمیں شامل ہیں، کو استعمار اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتا ہے اور میڈیا میں ان کی جعلی فتوحات کو بھی بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے جبکہ اب حلب کو داعش سے آزاد کروا لیا گیا ہے تو میڈیا خاموش ہے اور اس خبر کو جاری نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم تشیع کی ذمہ داری ہے کہ وہ استعماری سازشوں سے آگاہ رہے اور اس کے سدباب کیلئے بھی راہ حل سوچیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button