پاکستان

پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات حکومت کیلئے کھلا چیلنج ہیں، علامہ عارف واحدی

 شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان اور ضرب عضب آپریشن کے باوجود پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات حکومت کیلئے کھلا چیلنج ہیں اور قاتلوں کی عدم گرفتاری باعث تشویش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پشاور میں سید امداد علی جعفری کی ٹارگٹ کلنگ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات روز بروز بڑھ رہے ہیں۔ دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیاں کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں لیکن پولیس و دیگر ادارے سب اچھا کا راگ الاپتے نظر آتے ہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے مگر اس ذمہ داری کو نہیں نبھایا جارہا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی پشاور میں سید امداد علی جعفری کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام عدم تحفظ کا شکار ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں، حکومتی اداروں کو چاہیے کہ وہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ٹھوس اور مستقل بنیادوں پر اقدامات کریں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی اور علامہ عارف حسین واحدی مرکزی سیکرٹری شیعہ علماء کونسل پاکستان نے شہید سید امداد علی جعفری کے لئے دعائے مغفرت اور انکے لواحقین و پسماندگان کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار قانون نافذ کرنے والے ادارے شہید کے قاتلوں کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لائیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button