مقبوضہ فلسطین

ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ بائیس سالہ فلسطینی نوجوان محمود سعید علیان کو صیہونی فوجیوں نے دس دن قبل مغربی کنارے میں واقع شہر البیرہ میں فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات شہید ہوگیا۔ دوسری جانب مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوجیوں اور فسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں جبکہ صیہونی فوجیوں نے کم از کم چالیس فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ دریں اثنا فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کے مظالم کے خلاف تل ابیب اور الخلیل میں جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے چار صیہونیوں کو ہلاک اور تیرہ کو زخمی کردیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاخام بھی شامل ہے۔ الخلیل میں صیہونیوں کے خلاف کارروائی انجام دینے والے فلسطینی کو صیہونی فوجیوں نے فائرنگ کر کے شہید کردیا ہے۔ صیہونیت مخالف ان دو کارروائیوں کے دوران ایک فلسطینی زخمی ہوا ہے جبکہ دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ انتفاضۂ قدس شروع ہونے کے بعد صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں نوے سے زیادہ فلسطینی شہید اور دو ہزار سات سو سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button