پاکستان

کراچی، طالبان کی مدد کے الزام میں گرفتار ڈاکٹرز رہا

کراچی: ڈان نیوز کے مطابق پولیس کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو بتایا ہے کہ مطلوبہ دہشت گردوں کو طبی سہولیات دینے کے الزام میں گذشتہ ماہ گرفتار کئے جانے والے 3 ڈاکڑز کو رہا کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ عبدالرحمٰن اور عبداللہ نامی مبینہ دہشت گردوں کو بہادرا آباد میں قائم ایک ہسپتال میں طبی امداد دینے کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے ڈاکٹر سعداللہ خان، زبیر مرزا اور رضوان کو رواں سال اکتوبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا تھا کہ گرفتار کیے جانے والے ڈاکٹرز کالعدم تحریک طالبان کے ان دہشت گردوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہیں، جو افغانستان میں چھڑپوں کے دوران زخمی ہوجاتے ہیں۔

ان پر مزید الزام لگایا گیا تھا کہ وہ اس حوالے سے پولیس کو آگاہ بھی نہیں کررہے تھے۔

تاہم پولیس کی جانب سے گزشتہ روز کرمنل پروسیڈنگ کوڈ کی دفعہ 169 کے تحت ضلع شرقی کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک رپورٹ پیش کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران ڈاکٹرز بے گناہ پائے گئے ہیں کیونکہ انھیں نہیں معلوم ہی نہیں تھا کہ وہ دہشت گردوں کو طبی امداد فراہم کررہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال کے انتظامی امور کو دیکھنے والے ایک افسر نے ان زخمی دہشت گردوں کو ہسپتال میں داخل کیا تھا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق سی ٹی ڈی نے 5 اکتوبر کو بہادرآباد میں قائم زبیدہ میڈیکل سینٹر پر چھاپا مارا تھا اور یہاں سے مبینہ طور پر دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا اور ساتھ ہی ان طبی امداد دینے کے الزام میں اس وقت موجود اسٹاف کے ممبران کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button