تکفیری فکر کے باعث اسلام بدنام ہورہا ہے :جے یو پی
داعش خطرہ بنتی جارہی ہے ، سعودی عرب اور ایران اختلافات ختم کریں :اعجاز ہا شمی جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ تمام مذاہب اور مسالک کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کا حق عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے ، معاشرے میں تحمل ، برداشت اور ایک دوسرے کیلئے احترام کے جذبات ضروری ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا
کہ داعش سعودی عرب کیلئے خطرہ بنتی جارہی ہے ، اس کے خلاف عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری فکر کے باعث اسلام بدنام ہورہا ہے ، اس کی روک تھام کیلئے تمام مکاتب فکر کو کردار ادا کرنا چاہیے ، بہتر ہوگاکہ سعودی عرب اور ایران اپنے اختلافات ختم کرکے تکفیریت کے فتنہ کے خاتمے کیلئے ملکر جدوجہدکریں۔ انہوں نے نواز شریف سے اپیل کی کہ وہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان صلح کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔