یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے حملے جاری
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے منگل کو بھی یمن کے مختلف علاقوں پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبہ مآرب کے علاقے جفینہ پر منگل کو دس بار بمباری کی البتہ اس بمباری میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی ابھی تک کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
سعودی لڑاکا طیاروں نے دارالحکومت صنعا کے مختلف علاقوں پر بھی حملے کئے ہیں۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان کے حوالے سے ملنے والی ایک دیگر رپورٹ کے مطابق ایک سعودی فوجی یمن کی سرحد پر ہلاک ہو گیا ہے۔
ادھر یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی جارحیت کے جواب میں صوبہ عسیر میں سعودی عرب کے دو فوجی اڈوں پر بمباری کی ہے۔ یمنی فوج اور عوامی فورس نے یمن کے جنوبی صوبے تعز کے علاقے الوزاعیہ پر اپنا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے جنوبی صوبے جازان میں واقع المہند گاؤں اور کعب الجابری فوجی اڈے کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ یمنی فوج اور رضاکار فورس نے جیزان کے علاقے میں بھی سعودی فوج کی گیارہ بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے