پاکستان

سانحہ بڈھ بیر حملے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق افغانستان سے ہے اور اسکا سراغ لگا لیا گیا ہے، چوہدری نثار علی

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کھڑے ہو کر افغانستان میں آپریشن ہوسکتا ہے، مگر اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید خراب ہونگے۔ انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بڈھ بیر حملے میں ملوث دہشت گرد جہاں ٹھہرے، اس کا بھی پتہ چل گیا ہے، حملے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق افغانستان سے ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ سانحہ بڈھ بیر حملے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق افغانستان سے ہے جس کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بڈھ بیر میں تیرہ نہیں چودہ دہشت گرد مارے گئے تھے، جن میں سے پانچ کی شناخت ہوگئی، تاہم نو حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ افغان حکام کو یہ شواہد دیں گے کہ سرغنہ افغانستان میں تھا، ہم نے اپنی طرف کو کنٹرول کیا ہے، جنگجو دوسری طرف ہیں، وزیر داخلہ نے کہا کہ ادھر کوئی چھینک مارتا ہے تو الزام پاکستان پر لگتا ہے، بُردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کسی دوسرے پر الزام نہیں لگانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کا نہ ہم نے قرضہ دینا ہے، نہ اس سے خائف ہیں اور نہ ہی اسے جوابدہ ہیں، پاکستان میں کھڑے ہو کر افغانستان میں آپریشن ہوسکتا ہے، مگر اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید خراب ہونگے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button