پاکستان

افواجِ پاکستان ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں،صدر ممنون حسین

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہش مند ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے پیر کویوم دفاع پاکستان کی پچاس سالہ تقریبات کے موقع پر پاکستان نیوی کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ پاک بحریہ کے افسر اور جوان جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر مکمل عبور رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ دفاعِ وطن کی بھاری ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے، بحری قزاقوں کی سرکوبی اور امن و امان کے قیام میں مدد دینے کے علاوہ سمندری تجارت کے تحفظ کے لیے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔صدر نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کی دفاعی ضروریات کے تناظر میں پاک بحریہ کی ترقی اور استحکام کے لیے یکسو ہے اور وہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے اس کی تمام ضروریات پوری کرے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ چین کے تعاون سے اقتصادی راہداری کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے جو پاکستان سمیت پورے خطے کی اقتصادی سرگرمیوں میں نئی زندگی پیدا کردے گی۔ اس ضمن میں گوادر بندرگاہ کی اہمیت اور پاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ –

متعلقہ مضامین

Back to top button