پاکستان

امریکہ بھارت کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قوم احتساب کا عمل شروع ہونے پر خوش ہے، بھارت کی مذمت نہیں مرمت کی ضرورت ہے، اصغر خان کیس کے مجرموں پر بھی ہاتھ ڈالا جائے، امریکہ بھارت کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، بھارت میں مسلم کش فسادات میں اضافہ ہوگیا ہے، مودی حکومت کے ایک سال میں چھے سو سے زائد فرقہ وارانہ فسادات ہوچکے ہیں، حکمران بھارت کے جارحانہ عزائم پر آنکھیں بند نہ رکھیں، نواز شریف کا بھارتی وزیراعظم کے بارے میں سخت مؤقف اختیار کرنے سے گریز تشویشناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں یوم دفاع کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کرپٹ افراد کی گرفتاریوں پر واویلا بے معنی اور بے بنیاد ہے۔ کرپشن فری پاکستان کیلئے قوم متحد ہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ چند خاندانوں نے ذاتی مفادات کیلئے جمہوریت کو یر غمال بنا رکھا ہے۔ نیب بلا امتیاز کرپٹ عناصر کا کڑا احتساب کرے۔ احتساب کراس دی بورڈ ہونا چاہیئے۔ بھارت پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارتی جارحیت پر حکومت دلیرانہ مؤقف اختیار کرے۔ بزدل حکمران کے ہاتھوں پاکستان غیر محفوظ ہے۔ قوم بھارت کو سبق سکھانے کیلئے پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے، نظام اور امام کی تبدیلی ضروری ہوچکی ہے، بھارت پاکستان میں اپنے ایجنٹوں کے بے نقاب ہونے پر جارحیت پر اتر آیا ہے، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ معاشرے کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنا ضروری ہوگیا ہے، سیاست اور جرم کو علیحدہ کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ 1965ء کی جنگ میں فتح کا جھوٹا پراپیگنڈہ کرنے والا مودی اپنی نوجوان نسل کو دھوکہ دے رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کی لازوال قربانیوں کے بعد ملک میں امن آ رہا ہے، نیب نندی پور سیکنڈل کی کرپشن نظر انداز نہ کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button