پاکستان

کالعدم تنظیموں کے ہمدرد وزیررانا ثنااللہ کو پنجاب کابینہ سے خارج کیا جائے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ شجاع خانزادہ اپنے جرأتمندانہ کردار سے پنجاب حکومت کی غفلتوں کا کفارہ ادا کرتے رہے، سکیورٹی کے ناقص انتظامات کی باعث حملہ آور کامیاب رہے، پنجاب میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شجاع خانزادہ کردار و عمل سے بھی شجاع تھے، دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، کالعدم تنظیموں کے ہمدرد وزیر کو پنجاب کابینہ سے خارج کیا جائے، سپریم کورٹ چودھری شیر علی کے انکشافات پر رانا ثناءاللہ کے خلاف کارروائی کرے۔ رانا ثناءاللہ کے خلاف گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھا دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ پر ہونیوالے خودکش حملے کے خلاف جامعہ رضویہ فیصل آباد میں علماء و مشائخ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ان کے سہولت کاروں کو پکڑا جائے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کی رفتار تیز کی جائے، سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے مرکزی کردار کی بھارت میں رہائی پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ عالمی برداری کا دہشت گردی کے حوالہ سے دوہرا معیار قابل مذمت ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button