ایران

یمن میں امدادی کارروائی کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے،

ایران کے خارجہ سیکریٹری نے کہا ہے کہ یمن تک انسان دوستانہ امداد پہنچائے جانے کو سیاسی رنگ دینا نادرست ہے۔
ایران کے خارجہ سیکریٹری مرتضی سرمدی نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے سربراہ پیٹر ماؤرر سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا ہے کہ یمن کے محاصرے کو عالمی برادری کے عزم و ارادے سے ختم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران، یمن کے مظلوم عوام کو انسان دوستان امداد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ مرتضی سرمدی نے کہا کہ یمنی عوام، انتہائی سخت دور سے گزر رہے ہیں اور انسان دوستانہ امداد کی فراہمی محاصرے کی بنا پر مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کو امداد فراہم کئے جانے میں بین الاقوامی معیارات کے مد نظر کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ بین الاقوامی ریڈکراس اور عالمی برادری کو اپنی ذمہ داری پر عمل کرنا چاہئے۔ اس ملاقات میں عالمی ریڈکراس کمیٹی کے سربراہ نے بھی کہا کہ یمن، شام اور عراق کے عوام تک فوری طور پر امدادی سامان پہنچائے جانے کی ضرورت ہے۔ پیٹر ماؤرر نے کہا کہ یمن تک انسان دوستانہ امداد پہنچانے کے لئے کوئی ایسا راستہ تلاش کئے جانے کی ضرورت ہے جس سے یمنی عوام تک بآسانی امداد پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے بعض علاقوں میں ریڈکراس محدود سرگرمیاں انجام دے رہی ہے تاہم حالات روز بروز بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ عالمی ریڈکراس کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ یمن کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور اس ملک کے سماجی اور صحت عامہ کی بنیادیں تباہ ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پینے کا پانی، خوراک، ادویات، بجلی اور طبی وسائل کی شدید قلت نے بھی امدادی کارروائی میں رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button