پاکستان

خارجیت اور تکفیریت نے اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ عالم اسلام جعلی جہاد کی زد میں ہے، انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف آواز اٹھانا علماء کی ذمہ داری ہے۔ اسلام دشمن طاقتوں نے فرقہ واریت کو اسلام کے خلاف ہتھیار بنا لیا ہے۔ خارجیت اور تکفیریت نے اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ دہشت گردی کو اسلام سے منسوب کرنا بہت بڑا ظلم ہے۔ اسلام امن و محبت کا دین ہے۔ نام نہاد جہادیوں کی بندوقوں کا رخ مسلمانوں کی طرف ہے۔ مشرقی وسطٰی میں فرقہ واریت کی بھڑکتی آگ کو بجھانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لبنان میں عالمی تحریکوں کے رہنماؤں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا مسلم ممالک مشرکہ کرنسی کا اجراء کریں اور نیٹو طرز پر عالم اسلام کی مشترکہ دفاعی فورس قائم کریں۔ انتہا پسندی مسلم معاشروں کیلئے زہر قاتل ہے۔ داعش اور القاعدہ جیسی تنظیمیں اسلام کو بدنام کرنے کیلئے بنائی گئیں۔ نام نہاد جہادی فلسطین کی آزادی کیلئے کیوں نہیں لڑتے۔ قبلہ اول پر یہودیوں کا قبضہ امت مسلم کی غیرت کیلئے عظیم چیلنج ہے۔ مسلم حکمرانوں نے امریکی ایجنٹی ترک نہ کی تو انہیں عوامی بغاوتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مسلم حکمران امت مسلمہ کی امنگوں کی ترجمانی میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ عالم اسلام کو دلیر قیادت کی ضروت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مغرب کی برتری کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ امت مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے مسلمانوں کو علم اور عمل کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button