پاکستان

ایم ڈبلیو ایم اور شیعہ علماء کونسل کا سوشل میڈیا پر موجود تمام فیک آئی ڈیز سے لاتعلقی کا اظہار

شیعہ علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی اور سینیئر رہنماء علامہ شبیر میثمی نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری سے اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ پر اہم ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کی شوریٰ عالی کے رکن علامہ سید حسنین گردیزی اور مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی بھی موجود تھے۔ مجلس وحدت مسلمین اور شیعہ علماء کونسل نے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں طرفین میں طے پایا ہے کہ توہین آمیز اور منفی باتوں سے مکمل طور پر اظہار لاتعلقی کرتے ہیں، صرف آفیشل آئی ڈیز اور پیجز ہی جماعتی موقف کہلائے گا۔ ایسی تمام سوشل میڈیا آئی ڈیز اور پیجز جو باہمی وحدت کو ختم کرنے میں مصروف ہیں، سے اظہار لاتعلقی کرتے ہیں اور منفی باتوں کی مذمت کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں استحکام پاکستان، اتحاد بین المسلمین اور تشیع کی داخلی وحدت کو ترجیح دی جائیگی۔ دونوں جماعتوں کے اداروں کی تائید سے دوطرفہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا اور مشترکہ نکات پر کام کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد نقوی سے ان کی رہائشگاہ پر عید کی مناسبت سے اہم ملاقات کی تھی، یہ ملاقات اسی کا تسلسل ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button