پاکستان

اسکردو، تحریک بیداری امت مصطفٰی کی مرکزی القدس ریلی میں شرکت، جمہوریت مردہ باد کے نعرے بلند

عالمی یوم القدس کے موقع پر بلتستان کی مرکزی القدس ریلی اسکردو میں انجمن امامیہ بلتستان کے زیراہتمام نکالی گئی۔ ریلی بعد از نماز جمعہ مرکزی امامیہ جامع مسجد اسکردو سے برآمد ہوئی۔ ریلی میں دیگر مذہبی تنظیموں اور شخصیات کے علاوہ تحریک بیداری امت مصطفٰی (ص) کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تحریک بیداری کے زیراہتمام جامعہ قبازردیہ میں تین روزہ ورکشاپ کے اختتام کے موقع پر کارکنان نے ایک ریلی جامعہ قبازردیہ سے جامع مسجد تک نکالی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے یوم القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور جمہوریت پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے غیر اسلامی اور طاغوتی نظام قرار دیا۔ انہوں نے مرکزی القدس ریلی میں اپنے تشخص کیساتھ شرکت کی اور تحریک بیداری کے کارکنان کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ جب مرکزی القدس ریلی جامع مسجد سے برآمد ہوئی تو تحریک بیداری کے کارکنان نے بھی شرکت کی اور الگ سٹیج، پرچم، پوسٹرز کیساتھ ریلی کو رونق بخشی۔ دیگر تمام جماعتوں کی طرح انہوں نے بھی فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ انکی ریلی کے موقع پر خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے بلتستان کی سرزمین پر پہلی مرتبہ یوم القدس کے موقع پر جمہوریت مردہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ جمہوریت کے خلاف تحریک بیداری کے کارکنان اور سٹیج کی طرف سے بار بار نعرہ بازی ہوتی رہی، جو کہ القدس ریلی کے دیگر شرکاء کے لئے خاص دلچسپی کا باعث بنی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button