پاکستان

حکمرانوں کا ہر وعدہ جھوٹا ثابت ہوا، عید کے بعد نئی سیاسی صف بندی ہوگی، حامد رضا

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہونیوالی ہلاکتوں کی ایف آئی آر حکمرانوں کے خلاف درج ہونی چاہیئے۔ حکومتی نااہلی کی وجہ سے مرنے والے انسانوں کی موت کے ذمہ دار حکمران ہیں۔ معزز چوروں کے چہرے بے نقاب ہونیوالے ہیں۔ حکمرانوں کا ہر دعویٰ اور وعدہ جھوٹا ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد نئی سیاسی صف بندی ہو گی، بے رحم احتساب کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ ہر محب وطن پاکستانی کراچی میں مجرموں کے خلاف آپریشن کا حامی ہے۔ ملکی دولت لوٹنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔ سیاست کو جرم سے پاک کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ شو باز خادم پنجاب اب مینار پاکستان پر لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی کیمپ کیوں نہیں لگاتا۔ قیامت خیز گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پوری قوم ذلت اور اذیت کا شکار ہے۔ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی سزا عوام بھگت رہی ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے ملک کو لوٹنے اور اجاڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ جمہوریت اور سیاست کو لوٹ مار کا ذریعہ بنانے والے قومی مجرم ہیں، ماضی اور حال کے تمام حکمرانوں کا بے رحم احتساب قومی ضرورت ہے، عوام کی بد دعائیں حکومت کو لے ڈوبیں گی، اشرافیہ بد معاشیہ بن چکی ہے، ملک کے مسائل کی اصل ذمہ دار حکمران اشرافیہ ہے۔ حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات کم کر کے قومی وسائل کو لوڈ شیڈنگ کو کم کرنے کیلئے استعمال کیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button