ایران

یمن کا بحران: ایران کی امداد میں سعودی رکاوٹیں

وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے یمن کے عوام کے لئے امداد رسانی کے لئے متعدد اقدامات انجام دیئے ہیں جبکہ سعودی عرب اسے یمنی عوام تک پہنچنے میں رکاوٹ ڈال رہا ہے-
ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے کہا ہے کہ ایران، یمن کے عوام کے لئے امداد بھیجنے کے لئے اپنے متعدد اقدامات اور سعودی عرب کی جانب سے امدادی کھیپوں کو روکے جانے کے سلسلے میں ایک رپورٹ تیار کر رہاہے جسے عالمی اداروں میں پیش کیا جائے گا۔ مرضیہ افخم نے یمن میں انسانی صورت حال مزید بدتر ہونے کی جانب سے خبردار کرتے ہوئے زخمیوں اور متاثرین کی فوری امداد کے لئے امداد رسانی کے بین الاقوامی اداروں کی جانب سے موثر اقدامات اور کوششیں انجام دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے- وزارت خارجہ کی ترجمان نے یمن میں دواؤں اور غذائی اشیاء کی المناک صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کی کہ یمن کا محاصرہ ایک غیرانسانی سناریو ہے اور انسانی ہمدردی پر مبنی امداد پہنچنے میں سعودی عرب کی جانب سے حائل رکاوٹیں جاری رہنے سے دوا، پینے کے پانی، اور روٹی، جیسی بنیادی ضرورت کی چیزوں اور غذائی سامان کی شدید کمی ہو گئی ہے- مرضیہ افخم نے عرب اتحاد کی جانب سے ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال کی جس کی بعض بین الاقوامی اداروں نے بھی تصدیق کی ہے، شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ یمن اپنے پڑوسی ملک اور اس کے بین الاقوامی حامیوں کے خطرناک کھیل اور سازشوں کا شکار ہوگیا ہے اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور ذرائع ابلاغ کی معنی خیز خاموشی کے باعث یمن میں فوجی جارحیت اور انسانی المیے کے بہت سے پہلو عالمی رائے عامہ کے سامنے نہیں آسکے ہیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button