مقبوضہ فلسطین

صیہونی حکومت نے غزہ میں اسکولوں پر حملے کئے

اقوام متحدہ کی تحقیقاتی کمیٹی نے دو ہزار چودہ میں غزہ کے اسکولوں پر صیہونی حکومت کے حملے کی تصدیق کی ہے۔
العالم نیوز کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی تحقیقاتی کمیٹی نے جولائی دوہزار چودہ میں غزہ پر اسرائیل کے حملوں کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی ہے جس میں آنروا سے متعلق سات اسکولوں پر صیہونی حکومت کے حملوں میں عام شہریوں کا قتل عام کئے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی کی یہ رپورٹ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو، پیر کے روز موصول ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کی کمیٹی نے اس رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی توپخانوں نے چوبیس جولائی کو ایک نرسری اسکول پر حملہ کیا تھا جس میں کم از کم بارہ فلسطینی مسلمان شہید اور ترانوے زخمی ہوگئے تھے۔ اسی طرح اسرائیل کے ایک جنگی طیارے نے تین اگست کو بھی ایک پرائمری اسکول کے قریب موٹر سائیکل پر میزائیل داغا تھا جس کے نتیجے میں پندرہ فلسطینی مسلمان شہید اور تیس زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ، نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کا واضح ثبوت ہے۔ واضح رہے کہ صہیونی حکومت نے گذشتہ سال، سولہ جولائی سے چھبیس اگست کے دوران ان اسکولوں پر متعدد گولے اور میزائل داغے تھے جن میں فلسطینی پناہ گزیں رہتے تھے۔ ان حملوں میں چوّالیس فلسطینی مسلمان شہید اور دو سو ستّائیس زخمی ہوگئے تھے۔ اقوام متحدہ کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں اہم بات یہ ہے کہ فلسطینیوں کےلئے اقوام متحدہ کی امدادی تنظیم آنروا نے اسرائیل کو ان اسکولوں کے بارے میں بارہا باخبر کیا تھا مگر اس کے باوجود اس غاصب حکومت نے ان اسکولوں کو نشانہ بنایا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے نومبر دو ہزار چودہ میں "پٹریک کمارٹ” کی سربراہی میں غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی تحقیقات کےلئے اس کمیٹی کو تشکیل دیا تھا۔ غزہ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے پچاس دنوں تک جاری رہے اور تقریبا بائیس سو فلسطینی مسلمان شہید ہوئے جن میں بیشتر عام شہری تھے۔ بان کی مون نے آنروا کے اسکولوں میں فلسطینی پناہ گزینوں کے قتل عام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن افراد نے سر چھپانے کی امید سے آنروا کے اسکولوں میں پناہ لی تھی اسرائیل نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ تحریک حماس کے ترجمان سامی ابوزہری نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اقوام متحدہ کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ، نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کا پختہ ثبوت ہے، بین الاقوامی عدالتوں میں جارح صیہونی حکمرانوں پر مقدمہ چلائے جانے کامطالبہ کیا ہے۔ ابوزہری نے کہا ہے کہ فلسطینی انتظامیہ کو چاہیئے کہ اس رپورٹ کو ایک ثبوت اور سند کے طور پر جارح صیہونی حکمرانوں پر مقدمہ چلانے کےلئے بین الاقوامی عدالتوں میں پیش کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button