پاکستان

آل سعود کی حفاظت اور انکی خوشنودی کیلئے کبھی سعودی عرب کا ساتھ نہیں دیں گے، قمرالزمان کائرہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء قمر الزمان کائرہ نے بینظیر چوک اسکردو پر الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز لیگ نے گلگت بلتستان میں غیر مقامی گورنر کا تقرر کرکے دھاندلی کی بنیاد ڈال دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) دھاندلی کے ذریعے حکومت میں آنا چاہتی ہے لیکن دھاندلی ہمارا راستہ کبھی نہیں روک سکتی، گلگت بلتستان میں جتنے بھی ترقیاتی کام شروع ہوئے وہ پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں شروع ہوئے۔ اگر نواز شریف کو یہاں کے لوگوں سے پیار ہوتا اور وہ یہاں کے عوام کے ساتھ مخلص ہوتے تو وہ دو سال پہلے ترقیاتی اسکیموں کا اعلان کرتے۔ قمرالزمان کائرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز شریف پر جب بھی سیاسی دباو آتا ہے وہ سعودی عرب چلا جاتا ہے، روضہ رسولؐ پر آنچ آئے تو تمام مسلمان اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں لیکن آل سعود کی حفاظت اور ان کی خوشنودی کے لئے کبھی سعودی عرب کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔

قمرالزمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف آل سعود کو خوش کرنے کے لیے ہماری فوج کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے ہم ایسا ہرگز ہونے نہیں دیں گے۔ نواز شریف عوام کو دھوکہ دینے والی سیاست کر رہے ہیں، ہم عوام کو دھوکے میں نہیں رکھتے، نواز شریف سنتالیس ارب کے جھوٹے بجٹ کا اعلان کرکے یہاں کے غیور عوام کو خریدنا چاہتے ہیں، نواز شریف گلگت بلتستان میں الیکشن کس بنیاد پر لڑ رہے حالانکہ انہوں نے گلگت بلتستان کو مقامی گورنر تک نہیں دیا اور ایسے بندے کو گورنر بنایا ہے جو گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ ہی قرار نہیں دیتا۔ اُنہوں نے ہمارے دور حکومت کے اعلان کو دہرا کر ایک بار پھر اپنی سیاسی تنگ نظری کا ثبوت دیا، اگر وہ گلگت بلتستان سے مخلص ہوتے تو دو سالوں سے کہاں تھے۔ شریف برادران کو صرف اور صرف اپنی فکر ہوتی ہے۔ گلگت بلتستان کے لوگ بھٹو اور بینظیر کے چاہنے والے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہی گلگت بلتستان کو ان کا تشخص دلائے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button