پاکستان

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما غلام سرور کی امین شہیدی سے ملاقات،الیکش میں حمایت پر اظہار تشکر

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری غلام سرور نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ امین شہیدی سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی آفس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پی ٹی آئی کے رہنما نے حلقہ این اے 246 میں مجلس وحدت مسلمین کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی طرف سے یہ پیش قدمی ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے اور ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی ہمارے تعلقات مزید پائیدار ثابت ہوں گے۔علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ہم نے ملکی سیاست میں ہمیشہ اصولوں کو مقدم رکھا ہے۔ہمارے تعلقات کی بنیاد کسی مفاد سے وابستہ نہیں ہوتی بلکہ شروع سے ہی اصولی رہی ہے۔وہ عناصر جو ملک و قوم کے دشمن ہیں ان سے ہمارا قطعی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ باہمی تعاون کی بنیاد پر پی ٹی آئی سے مفاہمتی پالیسی مستقبل میں بھی جاری رہنے کے امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہم نے ترقیاتی اور عوامی خوشحالی کے بہت سارے منصوبوں پر کام کیا اور بہترین نتائج حاصل کیے۔میدان عمل میں ہماری موجودگی اور شب و روز کی محنت سے ہم نے لوگوں کے دلوں کو جیتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ گلگت کی بیشتر نامور شخصیات نے ہم سے رابطہ کر کے ہمارے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔امیدواروں کی نامزدگی کا حتمی فیصلہ ہماری انتخابی کور کمیٹی کرے گی۔اس سلسلے میں پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیو ایم کسی مشترکہ پالیسی ےا اتحاد کا اعلان بھی کر سکتی ہے۔ الیکشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور الیکشن میں مربوط اور واضح حکمت عملی کے لیے دو طرفہ اعلی سطحی وفود کی بھی ملاقات متوقع ہے۔ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی آفس میں ہونے والی اس ملاقات میں پی ٹی آئی کی طرف سے سینئر رہنما غلام سرور کے علاوہ ذوالقرنین شاہ جبکہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مرکزی رہنماعلامہ محمد اصغر عسکری ،کراچی ڈویثرن کے سیکریٹری سیاست سیدعلی حسین اور ایڈوکیٹ سید آصف رضا بھی شامل تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button