ایران

قوموں کے عزائم کو کچلا نہیں جاسکتا: شمخانی

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکرٹری نے کہا ہے کہ علاقے میں بحران کو ہوا دینے والے فوجی اور یکطرفہ اقدامات، بے سود ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد کے ساتھ ملاقات میں، یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن کا تجربہ ایک عظیم درس ہے تاکہ علاقے اور دنیا کے ممالک یہ جان لیں کہ قوموں کے عزائم کو کچلنے کے لئے فوجی طاقت کے استعمال کا دور گذر چکا ہے اور یکطرفہ اقدامات انجام دینے کا کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہو گا۔ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے بحران یمن کے حل کے لیے یمنی گروہوں اور بحران شام کے حل کے لیے شامی گروہوں کے درمیان باہمی مذاکرات کو ہی واحد راستہ قرار دیا اور کہا کہ عوام کی مطالبات کو خواہشات کو پورا کر کے ہی علاقے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے بھی شام کی تازہ ترین صورتحال بتاتے ہوئے، ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے بحران شام کی سیاسی راہ حل کے حصول کی غرض سے انجام پانے والے مذاکرات کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ فیصل مقداد نے مغربی اور علاقائی ملکوں کے توسط سے شام میں موجود دہشت گردوں کو مالی اور فوجی امداد فراہم کرنے کا ذکر کرتے ہوئے، غیر ملکی ہتھیاروں کی فراہمی اور دہشت گردوں کی دراندازی کی روک تھام کے لئے شام سے ملحقہ سرحدوں کو کنٹرول کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button