پاکستان

کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، کوٹری، تحریک طالبان شہریار گروپ کے نائب کمانڈر سمیت 3 دہشتگرد گرفتار

پولیس کے ہاتھوں تحریک طالبان شہریار گروپ کے نائب کمانڈر سمیت 3دہشت گرد گرفتار‘کراچی میںبڑی دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیاگیا‘15کلوبارودی مواد‘5دستی بم اور اسلحہ برآمد، حساس اداروںنے تحقیقات شروع کردیں،آئی جی سندھ کی جانب سے پولیس پارٹی کےلئے 2لاکھ روپےانعام کا اعلان ۔بدھ کو ایس ایس پی جامشورو کیپٹن (ر) طارق ولایت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کوٹری کے علاقے سکندرآباد کالونی میںواقع ایک مکان پر چھاپہ مار کر وہاں موجود ٹی ٹی پی شہریا ر گروپ کے نائب کمانڈرشاہو الدین ‘اس کےبھائی بھاؤالدین اور گل زریں پٹھان کو گرفتار کرکےان کے قبضے سے 5ہینڈ گرنیڈ،1کلاشنکوف،2پسٹل،ڈیٹو نیٹر کیبل وائراور 15کلو دھماکہ خیز مواد بھی برآمدکیا ہے ۔انہوں نے جنگ کو بتایاکہ ایک گرفتاردہشتگردکی نشاندہی پر مذکورہ ملزمان کو گرفتار کیاگیا ہے‘ شاہو الدین بارودی سرنگ بنانے کا ماسٹر ہے ‘جب ان سے پوچھا گیا کہ اہل محلہ کے مطابق شاہو الدین اور بہاؤالدین دونوں رکشہ ڈرائیور ہیں اور کافی عرصے سے علاقے میں مقیم ہیںاوران کے مقامی نادرا آفس سے جاری قومی شناختی کارڈبھی ہیں‘ایس ایس پی نے کہاکہ دہشت گرد مختلف روپ دھار کراپنی شناخت ظاہر نہیں ہونے دیتے ‘گرفتار دہشت گرد ایک مذموم ارادے سے یہاں روپوش تھے اور ان سے برآمد ہونے والا بارود اوردیگراسلحہ کسی بڑی کارروائی میں استعمال ہونا تھا جسے ناکام بنادیا گیا ہے۔دریں اثناءڈی آئی جی حیدرآبادثناءاللہ عباسی نے ایس ایس پی آفس کوٹری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد ریجن میں قومی ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری ہیں‘ مذکورہ دہشت گردوں کی گرفتاری سے ثابت ہوتا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران فرار ہوجانے والے دہشت گرد مختلف علاقوں میں پناہ لے لیتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button