پاکستان

فضل الرحمن، سمیع الحق اور عبدالعزیز طالبان کی معاونت کرتے ہیں اہلسنت جماعتوں کی اے پی سی کا اعلامیہ

علماء کرام کی گرفتاریوں، مساجد سے لائوڈ اسپیکر اتارنے، دینی کتب پر پابندیوں، گستاخانہ خاکوں،اسپیکر پر درود و سلام پڑھنے پر پابندی لگانے اور حکومتی رویہ کیخلاف ملک بھر میں ’’حفاظت دین تحریک‘‘ چلائی جائیگی،27 فروری کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔ضلعی سطح پر احتجاجی کنونشن منعقد کئے جائینگے ہرجمعہ کو اہلسنّت کی 4لاکھ سےزائد مساجد کے باہر درود سلام پڑھا جائیگا، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 7مارچ کو وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا، پاک فوج کیساتھ آپریشن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے، یہ فیصلے اہلسنّت جماعتوں کی اے پی سی میں کیے گئے۔ پاکستان کی اہلسنّت کی 35 جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ پیر اعجاز احمد ہاشمی کی زیر صدارت ہوئی جس کے اختتام پر اے پی سی کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے قائدین اہلسنّت نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے الزام عائد کیا کہ مولانا فضل الرحمن، مولانا سمیع الحق اور مولانا عبدالعزیز طالبان کی معاونت کرتے ہیں۔انہوں نے ہمیشہ حکومتوں کو کمزور کرنے کی کوششیں کی ہیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ ملک کے لاکھوں اہلسنّت آئمہ مساجد علماء کی گرفتاریوں، مساجد سےلائوڈ اسپیکر اتارنے، دینی کتب پر بےجا پابندیوں، گستاخانہ خاکوں کے علاوہ لائوڈ اسپیکر پر دورود و سلام پڑھنے پر پابندی پر نالاں ہیں اگر حکومت نے اپنا ایسا ہی رویہ رکھا تو پھر ملک بھر میں نظام مصطفےٰ کی تحریک شروع ہوسکتی ہے جو پھر سب کو بہا کر لے جائیگی۔سنی تحریک کے سربراہ مولانا ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی کے حالات کے پیش نظر کراچی کو فوج کے حوالے کر دیا جائے۔ قبل ازیں کانفرنس سے صاحبزادہ حامد رضا،پیر اعجاز احمد ہاشمی، علامہ قاری محمد زوار بہادر،مولانا ثروت اعجاز قادری، پیر سید محفوظ مشہدی، پیر سید محمد حبیب عرفانی، مفتی محمد حبیب قادری اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی بھی موجود، کانفرنس کے اختتام پر فیصلوں اور آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق آئمہ مساجد اور علماء کی گرفتاریوں، مساجد سےلائوڈ اسپیکر اتارنے، دینی کتب پر بےجا پابندیوں اور گستاخانہ خاکوں کے خلاف ضلعی سطح پر علماء ،خطباء اور آئمہ مساجد کے احتجاجی کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔3مارچ کو ایوان اقبال لاہور میں علماء و مشائخ کنونشن ہو گا، ہر چھوٹے بڑے شہر میں ’’حفاظت دین کانفرنس‘‘ منعقد کی جائیگی۔ عالمی اور ملکی ایشوز پر مشترکہ جدوجہد کے لئے اہل سنت کی بڑی ملک گیر جماعتوں کے سربراہوں پر مشتمل اہل سنت رابطہ کمیٹی قائم کر دی گئی ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button