علماءو مشائخ کو دہشتگردی کیخلاف جد وجہد کرنا ہو گی،ثروت قادری
سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک میں خود کش حملے کرنیوالوں کے خلاف فتوی نہ دینے والے نام نہاد علماء دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں،دہشتگردی کے خاتمے کو یقینی بناناہے تو دہشتگردوں کے سہولت کار اور آکسیجن دینے والوں کوقانون کی گرفت میں لانا ہوگا،تحفظ ناموس رسالت ﷺ کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہا دینگے ،پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے پس پشت یہود ونصاریٰ اور بھارتی ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،کالعدم تنظیمیں دہشتگردی کرکے اسلام اور پاکستان کے تشخص کو خراب کررہی ہیں ،کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ دینے والے ممالک اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں جس میں وہ کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہوسکتے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ قادری ہائوس پر مرکزی جماعت اہلسنت کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر جماعت اہلسنت کے رہنما صاحبزادہ محمد شفیق امینی نے 5مارچ کو چارسدہ میں ہونیوالی لبیک یارسول اللہ کانفرنس کا دعوت نامہ دیا ثروت اعجاز قادری نے اس کانفرنس میں شرکت کرنے کی یقین دھانی کرادی ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آئین و قانون کی عمل داری کو طبقات سے بالا تر ہوکر یکساں یقینی بنانا ہوگا،علماء ومشائخ اہلسنت اور پیران عظام کو میدان میں آکر دہشتگردی ختم کرنے کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی ،ہمارے اکابرین ابائواجداد نے پاکستان بنایا اور آج ہم بانیان پاکستان کی اولادیں پاکستان بچانے کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے ،دہشتگرد مسلمان تو بہت دور انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں ہے ،دین اسلام امن ،محبت،برداشت ،اخوت بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے ،اور دہشتگرد قتل غارتگری کرکے اسلام کے چہرے کو مسخ کرنا چاہتے ہیں انہیں یکجا ہو کر روکنا ہوگا ،ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کیلئے فوج کے ساتھ ہیں ۔