پاکستان

کالعدم تنظیموں کیخلاف معاشی ٹارگٹڈ آپریشن کا فیصلہ

قومی ایکشن پلان کےتحت ملک بھر میں کالعدم تنظیموں کیخلاف معاشی ٹارگٹڈ آپریشن کا فیصلہ کرلیا گیا۔

پاک سرزمین کودہشت گردوں کے بوجھ سےمکمل نجات دلانےکیلیےحکومت نےان کی معاشی جڑیں کاٹنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرصدارت اجلاس میں تمام کالعدم تنظیموں ،این جی اوز اور افراد کے بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پرنظر رکھنےکیلئے خصوصی ڈیٹا بینک اور مانیٹرنگ نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔

اسی طرح افغان شہریوں کے بینک اکاؤنٹس اور لین دین کی معلومات نیکٹا کو فراہم کی جائیں گی جبکہ انکے اکاؤنٹس کی چھان بین بھی کی جائے گی۔

اجلاس میں افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کا عمل تیز کرنےاورانہیں کیمپوں تک محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ انٹر نیٹ اور سوشل میڈیا پر دہشتگردی سے متعلق ویب سائٹس بلاک کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

قومی ایکشن پلان کے جائزہ اجلاس میں دس کروڑ غیرمصدقہ سموں کی اگلے پچاسی دن میں تصدیق مکمل کرنےکا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس اجلاس میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام انوشہ رحمان خان، وزیراعظم کے خصوصی معاونین خواجہ ظہیر اور بیرسٹر ظفر اللہ سمیت داخلہ، خزانہ، قانون و انصاف اور سیفران کے وفاقی سیکرٹریز، ڈی جی آئی بی، ایف آئی اے اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button