متحد ہوکر اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہو گا، علامہ حسن ظفر نقوی

اسلامک کلچر اینڈ ریسرچ ٹرسٹ کے تحت منعقدہ عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ شہداء کربلا نے جرأت اور حوصلے کیساتھ کربلا کی جنگ کو فتح کیا اور آپ ؑ کی قربانی نے انبیاء کی محنتوں کو بچا کر دین کو ہمیشہ کیلئے سربلند کردیا ۔آج حسین کا نام لیوا زندہ ہیں جبکہ یزید کے پیروکار دفن ہو چکے ہیں،اس کی وجہ یہ ہے کہ حسین ؑ نے دین کی سربلندی اور یزید نے شریعت کی نابودی کیلئے کام کیا جسکی وجہ سے آج حق سربلند اور باطل نیست و نابود ہو چکا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کے چہرے کو مسخ کرنے والے اپنی مرضی کا اسلام مسلم امہ پر مسلط کرنا چاہتے تھے ،لیکن حسین ؑ ابن علیؑ نے ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا اور آج الحمداللہ اسلام زندہ اور باطل کا نظام مٹ چکا ہے ۔انہوں نے مسلم امہ سے کہا کہ وہ آج اسی جرأت و بہادری اور حوصلے کیساتھ جینے کا سلیقہ سیکھیں جس طرح کربلا کے میدان میں امام عالی مقام نے ہمارے سامنے پیش کیا ۔کیونکہ آج پوری دنیا میں اسلام دشمن قوتیں دین کا لبادہ اوڑھ کر اپنے بھائیوں کا گلا کاٹ رہی ہیں جسکے لئے ہمیں متحد ہوکر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا اور کوشش کرنا ہوگی کہ ایسے عناصر کی سرکوبی ہو تاکہ معاشرہ پر امن بن سکے ۔








