پاکستان

9 محرم الحرام کی مناسبت سے ملک بھر میں ماتمی جلوس اور مجالس عزا

میدان کربلا میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے ماتمی جلوس برآمد ہورہے ہیں اور مجالس عزا برپا کی جارہی ہیں۔

ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس عزا برپا کی جارہی ہیں، جن میں ذاکرین اورعلمائے دین میدان کربلا میں پیش آنے والے واقعات خاص طور پر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے 6 ماہ کے صاحبزادے علی اصغر اور ان کے قافلے میں شامل دیگر بچوں کی پیاس اور ان کے استقامت کو بیان کررہے ہیں۔ کراچی میں 9 محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہوئی، جس میں علامہ طالب جوہری نے فلسفہ شہادت اور امام عالی مقام رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مقام پر روشنی ڈالی۔ جس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسنیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پزیرہوگا۔ ماتمی جلوس کی سیکیورٹی کے لئے اس کے راستوں کو دو روز قبل سے ہی بند کردیا گیا ہے جبکہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے 18 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، اس کے علاوہ رینجرز اور فوج کے دستے بھی الرٹ ہیں۔ شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

لاہورمیں 9 محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات جین مندرپراختتام پذیرہوگا۔ سانحہ واہگہ بارڈر کے بعد شہر کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی کی جارہی ہے۔ اسلام آباد میں مرکزی ماتمی جلوس سیکٹر جی سکس میں واقع امام بارگاہ اثنا عشری سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں ہوتا ہوا دوبارہ اسی مقام پر  اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے جبکہ جلوس کے ہمراہ موبائل فون اور دیگر مواصلاتی رابطوں میں تعطل پیدا کرنے والے 4 خصوصی موبائل جیمرز بھی ہیں۔ اس کے علاوہ جلوس کے راستوں میں آنے والی مساجد سے اذان کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کوئٹہ میں 9 محرم الحرام کا ماتمی میکانگی روڈ پر واقع امام بارگاہ ناصرالعزاء سے برآمد ہونے کے بعد اپنےمقررہ راستےسے ہوتا ہوا پرنس روڈ پر  واقع امام بارگاہ کلاں پر اختتام پزیر ہوگا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور جلوس کے راستوں کو کسی بھی قسم کی آمدو رفت کے لئے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ پشاور میں علم اور شبہیہ ذوالجناح کا ماتمی جلوس صدر میں امام بارگاہ حسینیہ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں جی پی او لین اور فوارہ چوک سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ حسینیہ پہنچ کر اختتام پذیرہوگا۔ جلوس کی سیکیورٹی کے 2ہزار 500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جن میں خواتین اہلکار بھی شامل ہیں،اس کے علاوہ جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button