پاکستان

صرف شیعہ ہی نہیں بلکہ سنی بھی عاشورامحرم کے دوران غم حسین (ع) مناتے ہیں، الطاف حسین

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے شیعہ سنی عوام سمیت پوری ملت اسلامیہ سے بھرپور اپیل کی ہے کہ خدارا اتحاد بین المسلمین کیلئے ایک دوسرے کا احترام کریں اور شیعہ سنی فساد کی آگ بھڑکانے اورفرقہ وارانہ قتل کی کھل کرمذمت کریں۔ انہوں نے یہ بات ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر تمام تنظیمی و نگز اور شعبہ جات کے ارکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی شریک تھے۔ ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ شیعہ سنی عوام متحد ہو کر اپنے اپنے علاقوں میں امن کمیٹیاں بنائیں اور فرقہ وارانہ فساد کی سازشیں کرنے والے عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور جو فسادکی سازش کرتا نظر آئے اسے پکڑ کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کریں۔

الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے شعبہ جات کے ارکان سے کہاکہ آپ یہ نہ سوچیں کہ اتحاد بین المسلمین کیلئے کون کام کر رہا ہے یا نہیں، آپ اس سلسلے میں بھرپور کوشش کریں۔ الطاف حسین نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے بھرپورکرداراداکرنے والے شیعہ اورسنی علمائے کرام کی کوششوںکوسراہا۔ الطاف حسین نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب کی الہامی کتابوں میں احترام انسانیت، انصاف، مساوات، ایمانداری، دیانتداری، امانت داری کا درس ملتا ہے، تمام مذاہب امانت میں خیانت نہ کرنے ، جھوٹ بولنے سے پرہیز کرنے ،ہمیشہ سچ بولنے اور مظلوموں کا ساتھ دینے کادرس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کسی ایک فقہ یا مسلک کے ماننے والوں کیلئے نہیں بلکہ تمام عالم کے مسلمانوں کیلئے ایک عظیم غم اور صدمہ کا واقعہ ہے ،یہی وجہ ہے کہ صرف شیعہ ہی نہیں بلکہ سنی بھی عاشورہ محرم کے دوران غم حسین مناتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button