مشرق وسطی

بحرینی انقلابیوں کے خلاف آل خلیفہ کے جاری جرائم

بحرین کی جمعیت الوفاق کے سکریٹری جنرل شیخ علی سلمان نے آل خلیفہ حکومت کی جانب سے بحرینی انقلابیوں کی جاری گرفتاری کا مقصد، آزادی کو کچلنا قرار دیا ہے۔ لبنان کے المنار ٹی وی چینل کے مطابق بحرین کی جمعیت الوفاق کے سکریٹری جنرل شیخ علی سلمان نے آزادی بیان کی بناء پر آل خلیفہ حکومت کی جانب سے بحرینی انقلابیوں اور خاصطور سے رہنماؤں منجملہ بحرین کے انسانی حقوق مرکز کے سربراہ نبیل رجب کی گرفتاری اور انھیں ایذائیں پہنچائے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے یہ تمام جارحانہ اقدامات، پوری عالمی برادری پر بحرینی عدالتوں کی بے انصافی کو ثابت کرتے ہیں۔ انھوں نے بحرین میں آل خلیفہ حکومت کی جانب سے منعقد کرائے جانے والے انتخابات کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ جب تک تمام سیاسی قیدیوں اور گرفتار کئے جانے والے انقلابیوں نیز سرگرم عمل افراد کو رہا نہیں کیا جاتا، برحق مطالبات سے متعلق بحرینی عوام کی تحریک جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ بحرین میں وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کی توہین کے الزام میں اس ملک کے انسانی حقوق مرکز کے سربراہ نبیل رجب کو یکم اکتوبر کو گرفتار کرلیا گیا جن کے خلاف مقدمہ دائر کردیا گیا ہے اور اس مقدمے کی پہلی سنوائی انّیس اکتوبر کو ہونے والی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button