پاکستان

کلاچی، لونی میں پولیس کا سرچ آپریشن، ٹھکانے تباہ، پانچ دہشتگرد گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے سب سے حساس علاقے لونی میں کالعد م تحریک طالبان کے خلاف پولیس نے بڑا سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔ جس میں دہشتگردوں کے چارٹھکانوں کو بارودی مواد لگا کر تباہ کر دیا گیا جبکہ پانچ دہشتگرد گرفتار کئے ہیں۔ لونی کاعلاقہ ٹی ٹی پی دہشتگردوں کا گڑھ اور نوگو ایریا سمجھا جاتا ہے۔ ایس ایچ او کلاچی سیف الرحمن کے گھر واقع روڑا میں دہشتگردوں کی طرف سے داخل ہو کر ان کے دو بھائیوں کو شہید کرنے اور ایک کو زخمی کرنے کے واقعہ کے بعد ضلعی پولیس نے بڑے پیمانے پر کلاچی اور اس کے گردونواح میں سرچ آپریشن شروع کر رکھے ہیں۔ ٹی ٹی پی گنڈہ پور گروپ کے کمانڈر ملنگ، عمر خطاب، ابوبکر اور عبدالرحمن سمیت پانچ خطرناک دہشتگردوں کی علاقہ لونی میں موجودگی کی اطلاع پر ڈی پی او ڈیرہ صادق حسین بلوچ کی سربراہی میں آپریشن شروع کیا گیا۔ جس میں بکتر بند گاڑیاں، پولیس کی بھاری نفری اور ایلیٹ فورس شامل تھیں۔ سکیورٹی اداروں نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کیا۔ اس دوران ایک مشتبہ ٹھکانے سے پولیس پر فائرنگ کی گئی۔ جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا یہ سلسلہ دو گھنٹوں تک جاری رہا۔ اس دوران پانچ دہشتگرداپنے دو موٹر سائیکل چھوڑ کر نزدیکی جنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے دہشتگردوں کے چار ٹھکانوں کو بارودی مواد لگا کر تباہ کر دیا۔ سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے پانچ دہشتگردوں کو گرفتار بھی کرلیا۔ جن کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ صادق حسین بلوچ نے کہا کہ حالیہ دہشتگردانہ واقعات میں ٹی ٹی پی گنڈہ پور گروپ کے کمانڈر ملوث ہیں، ان کی موجودگی کی اطلاع انہی علاقوں میں بتائی جاتی ہے۔ ہم ان کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دہشتگرد بوکھلا گئے ہیں اور اب وہ بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button