پاکستان

ملک بچانے کیلئے دہشتگردوں کی کمر توڑنا ہوگی اور مذہبی جنونیت کا خاتمہ کرنا ہوگا، صاحبزادہ حامد رضا

hamidraza5سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل حکومت کی ایک سالہ مایوس کن کارکردگی پر وائٹ پیپر شائع کرے گی۔ اسلام آباد میں ہونے والے دھماکوں نے وفاقی دارالحکومت کے محفوظ ہونے کا پول کھول دیا ہے۔ دھماکے کرنے والے پاکستان دشمن طاقتوں کے ایجنٹ ہیں۔ حکومتی رٹ مذاق بن چکی ہے۔ پاکستان موجودہ حکمرانوں کے ہاتھوں میں غیر محفوظ ہے۔ کرسی اور کمیشن کی سیاست نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ ملک مہنگائی اور بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے۔ مودی کے وزیراعظم بننے سے بھارت کا انتہاپسند چہرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ ہمارے حکمران مودی کو گلے لگانے کے لیے بے تاب نہ ہوں۔ قوم وزیراعظم کی مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی حامی نہیں۔ حکمرانوں نے روش نہ بدلی تو مڈٹرم انتخابات کا مطالبہ زور پکڑے گا۔ قوم ایک سال میں ہی موجودہ حکمرانوں سے مایوس اور بے زار ہو چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی میں سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر حقیقی جمہوریت کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ مہنگائی کا سورج سوا نیزے پر آ گیا ہے۔ ملک آئی سی یو میں ہے اور حکمران سیر سپاٹوں میں مصروف ہیں۔ امن کی آشا کے ذریعے دو قومی نظریے کی بنیاد پر کلہاڑا چلایا گیا ہے۔ حکومت کو فوج نہیں عوام سے خطرہ ہے۔ حکمرانوں کی ڈوریاں ڈالر والوں کے ہاتھ میں ہیں۔ قراردادِ مقاصد پر عمل سے ملک کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ حکومت زرعی اصلاحات پر توجہ دے۔ ٹیکس کا نظام بہتر بنائے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔ ملک بچانے کے لیے دہشت گردوں کی کمر توڑنا ہو گی اور مذہبی جنونیت کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ کوئی حکومتی ادارہ کام نہیں کر رہا۔ ہر طرف تماشہ لگا ہوا ہے۔ دہشت گرد چین میں حملے کر کے پاک چین دوستی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ دھاندلی کا نوٹس نہ لیا گیا تو 77ء جیسی تحریک کا آغاز ہو سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button