پاکستان

ریال کا تحفہ رنگ لایا، دہشتگرد آزاد، معصوم عوام کا خون بہایا جا رہا ہے، اطہر عمران

imran atharامامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے پاکستان کی موجودہ بدترین صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد درندے ہیں ان کی سرکوبی کئے بغیر پاکستان میں امن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تحفہ کے نام پر ملنے والے ڈالرز اور ریال اپنا رنگ دکھا رہے ہیں، دہشت گردوں کو آزاد کیا جا رہا ہے اور معصوم عوام کا ناحق خون بدستور بہایا جا رہا ہے، اس صورتحال میں اگر کسی کو تحفظ میسر ہے تو وہ حکمرانوں کی اولادیں ہیں۔ حکمران جماعت دہشت گردوں سے مذاکرات کے نام پر عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ حکمران جماعت جس ڈھٹائی کے ساتھ دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کسی احسان عظیم کا بدلہ چکایا جا رہا ہے، جس کا اندازہ حکمران ٹولے کے وزراء کے بیانات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کا یہ عمل پاکستان کے عوام اور شہداء کے خون کے ساتھ سنگین غداری کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سبی اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعات کے بعد ملک دشمن عناصر کے ساتھ مذاکرات کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک فساد کی جڑیں نہیں کاٹی جائینگی تب تک پاکستان میں امن و مساوات کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔ حکمران جماعت کو طالبان کی ترجمانی کرنے کے بجائے شہداء کے ناحق خون کا قصاص لینا چاہیئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button