پاکستان

حافظ گل بہادر گروپ کا طالبان اور حکومت کے مذاکرات سے لاتعلقی کا اعلان

gul bahdarمیران شاہ:طالبان شوریٰ شمالی وزیرستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا حکومت اورٹی ٹی پی کے مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں،ہم 2006ء کے امن معاہدے پر قائم ہیں اور شمالی وزیرستان میں کوئی خونریزی نہیں چاہتے ۔پیر کو یہاں میران شاہ میں نامعلوم مقام پر پریس کانفرنس کے دوران شمالی وزیرستان طالبان شوریٰ کے امیر حافظ گل بہادر کے مرکزی ترجمان احمد اللہ احمدی نے کہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان سے کوئی تعلق نہیں اورنہ ہی رکھتے ہیں ، ہم شمالی وزیرستان کو میدان جنگ نہیں بنانا چاہتے، تحریک طالبان پاکستان کے حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوں یا نہ ہوں حکومت سے ہمارا امن معاہدہ ہوچکا ہے ہم ان کی مکمل پاسداری کرتے ہیں ،2006 میں حکومت کے ساتھ کئے گئے امن معاہدہ پر اب تک قائم ہیں۔ احمد اللہ احمدی کا کہنا تھا کہ اگرچہ حکومت کی طرف سے بعض شقوں کی خلاف ورزی ہوچکی ہے تاہم ملک و قوم کی خاطر ہم نے صبروتحمل سے کام لیا ہے ۔ احمدی نے کہا کہ جو امن مذاکرات حکومت اور تحریک طالبان پاکستان کے مابین جاری ہیں ان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے، وہ کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ہم شمالی وزیرستان ایجنسی میں خون ریزی یا جنگ نہیں چاہتے لہذا امن مذاکرات کی ناکامی کی وجہ سے شمالی وزیرستان ایجنسی میں آپریشن کرنا معنی خیز نہ ہوگا۔تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات میں ناکامی پر شمالی وزیرستان میں آپریشن ہواتویہ سمجھ سے بالاترہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ ہم حافظ گل بہادرکی سربراہی میں حکومت کے ساتھ 2006ء میں امن معاہدہ کرچکے ہیں اوراس امن معاہدہ اب تک برقرارہیں،کسی بھی فریق نے معاہدہ توڑنے کا اعلان نہیں کیا۔ ترجمان نے کہا کہ حالیہ مذاکرات کامیاب ہوں یا ناکام،ہم پر اس کا کوئی اثرنہیں ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button