پاکستان

سنی اتحاد کونسل نے پورے ملک میں اینٹی طالبان ڈے منایا، ریلیاں، مظاہرے

sic anti talibanسنی اتحاد کونسل کی جانب سے آج پورے ملک میں ’’اینٹی طالبان ڈے‘‘ منایا گیا۔ جس کے تحت کراچی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، گلگت، ساہیوال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سمندری، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ٹنڈو ا لہٰ یار، سکھر، جیکب آباد، نوابشاہ، سلطان پور سمیت محتلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور ملک بھر کی ہزاروں مساجد میں جمعۃ المبارک کے موقع پر طالبان کے خلاف قراردادِ مذمت منظور کی گئیں، جن میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ موجودہ حکومت اس وقت کے خارجیوں کے خلاف فوری طور پر آپریشن کا فیصلہ کرے، تاکہ پاکستان میں معصوم لوگوں کا قتل عام رک سکے۔ ملک بھر میں دہشتگردوں کے مراکز اور کالعدم جماعتوں کے خلاف رنگ، نسل، زبان اور مسلکی عقائد سے بالاتر ہو کر بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔

قرارداد مذمت میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان بنانے کیلئے ہمارے بزرگوں اور اسلاف نے لاکھوں کی تعداد میں اپنی جان، مال، عزت اور آبرو کی قربانی دی اور تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی گئی۔ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔ پاکستان کے خلاف دہشتگردی کرنے والے دراصل بیرونی طاقتوں کے اشارے پر پاکستان توڑنے کی مذموم سازش کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوشش رہے ہیں، لہذا حکومت کا فرض ہے کہ مملکت خدادِاد پاکستان کو ان دہشتگردوں سے بچانے کیلئے فوری آپریشن کا اعلان کرے۔ انشاءاللہ 18 کروڑ عوام ان دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گی۔

اگر حکومت نے دہشتگردوں اور کالعدم جماعتوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ نہ کیا تو مساجد اور درگاہوں کے وارثین بہت جلد پورے پاکستان میں ایک پرامن تحریک کا آغاز کر دیں گے، تاکہ پاکستان کو ان دہشتگردوں سے بچایا جاسکے۔ اس موقع پر پاک فوج کے حق میں قراردادِ تشکر بھی منظور کی گئی۔ جس میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ پوری قوم پاک فوج پر فخر کرتی ہے۔ پاک فوج کی شہادتیں اسلام اور پاکستان کی بقاء کیلئے ہیں۔ پوری قوم اپنے ملک کے ان جوان سپوتوں کیلئے دعاگو ہے جو پاکستان کی سرحدوں اور پاکستان کے اندر دہشتگردوں کے خلاف مصروف عمل ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور بقاء کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button